This is one of most special acts of worship for youth

ADILMALKOTV

یہ مغرب کا وقت تھا  میرے سامنے ایک ٹوٹی ہوئی دیوار تھی جس کے آگے بیری کا درخت تھا

 اس کے سامنے ایک دروازہ جس نے بوگن ویلیا کے پھولوں سے بھری بیل اوڑھ رکھی تھی

ان پھولوں کے درمیاں گلی کو روشن کرنے کے لیے ایک بلب موجود تھا

میں دایاں پاؤں ہلکا سا اٹھا کر ذرا دائیں طرف ہوتی تو وہ سفید اُجلی روشنی پھولوں سے کھیلنے لگتی  میں بائیں پاؤں کی انگلیوں پر بوجھ دیے ذرا بائیں

طرف کو سر کو خم دیتی تو وہ روشنی پھر سے جھلمل کرتی پھولوں سے ہوکر گزرتی

جیسے کچھ جادوئی سا ہو وہاں

www.adilmalkotv.blogspot.com

یہ ایک بے انتہاء حسین اور روشن منظر تھااس کی صحبت میں کیا کیا نہ تھا

 مغرب کی اذان کا باقی رہ جانے والا اثر سوندہی مٹی کی خوشبو گھر کو جاتے پرندوں کے شکرگزاری بھرے نعرے  گلیوں کو سکون اور سکوت سے ڈھانپنے والے پہر کا سحر بھی شامل تھا

مگر پڑھنے والی آنکھ کیا میں تمہیں بتاؤں کہ میں ایک سادہ سے لمحے میں یوں رومانوی کیوں ہورہی تھی اور اس قدر مکمل  روشن اور رنگین منظر سے زیادہ میرے دل کو کس احساس نے سچی خوشی دی

آج میں نے شعوری طور پر خود اپنی تربیت کی اس عمر میں  اپنی ہی ایک غلطی مان لی تھی

میں زندگی میں بہت بار اپنی غلطیوں کو پہچانتی آئی ہوں مگر اس بار میں نے سلیقے سے خود کو معاف بھی کیا  معافی مانگی بھی پریکٹیکل شرمندگی کے ساتھ

 کہ میں خالق سے توبہ اور اس کی مخلوق سے معذرت کے بعد ایک سیکنڈ کی دیر لگائے

 بغیر خوبصورت عمل کی جانب بڑھ گئی

میرے قلب کو کمفرٹ زون میں دھڑکتے رہنے کی بجائے فوراً سے اپنے عمل کو بہتر بنانے کی جلدی تھی اور آج وہ زندگی سے فروزاں ہوکر دھڑک رہا تھا

یوں ہی ہوتا ہے 

جوانی میں آپ کو بہت کچھ پرکشش لگتا ہے حیران کرتا ہے 

تو اس سے بھی زیادہ سنہری ہے اپنی غلطی کو پہچان لینا اور پھر رنج کی کیفیت میں بیٹھ بیٹھ کر خود کو تسلی دینے کی بجائے اٹھ کر اپنے عمل کی ذمہ داری قبول کرنا اور زبانی اور عملی معذرت کرنا

جیسے خوشبو والی موم بتی 

اس سے زیادہ آپ کے اردگرد کو مہکا دیتی ہے اخلاق کی بلندی جب آپ انسانوں کو رب کی امانت کے طور پر دیکھ کر ان سے اچھے سے ملتے ہیں  سلام کرتے ہیں  ان سے میٹھا بول

 اور درگزر قائم رکھتے ہوئے تعلق نبھاتے ہیں

جیسے شہرت کی چمک

دکھائی دیے جانے کا سروراس سے زیادہ سکون ہے بنا کسی داد کے محتاج ہوئے 

 چھوٹے سے چھوٹا کام بھی احسن انداز میں کرنا

سادہ سی روزمرہ کی روٹین میں بھی لگن سے محنتیں انڈیلنا  یعنی برتن بھی ایسے دھو لینا جیسے آپ کسی اعلی کمپنی ہے سی ای او کے طور پر کوئی شاندار پریزینٹیشن دے رہے ہیں

جیسے خوبرو تحائف 

مادی چیزوں کی محبت اس سے زیادہ محبت پنپتی ہے اس لمحے میں جب کوئی انسان آپ کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھے اور آپ اسے آزمائیں نہیں تسلی دیں  اسے سن لیں  اس کے دکھ کو بنا کسی ججمنٹ کے جذب کریں اور پھر اسے عمدہ رہنمائی دے سکیں

جیسے تازہ مہندی کی ٹھنڈی خوشبو 

رنگ اور خوشبو کا میل جول اس سے زیادہ خوبصورت ہے اپنے ہاتھ کی محنت ہتھیلی کو ہالہ بنا کر مانگے جانے والی دعا  انگلیوں کے پوروں پر پڑھا جانے والا ذکر جس سے دلوں کو اطمینان ملتا ہے

جیسے لوگوں کا ہجوم 

شور اور شوق کا رش  اس سے زیادہ سکون بھری باتیں ہیں اس تنہائی کے گوشے میں جہاں آپ ٹھہر کر اپنے رب سے ہم کلام ہوتے ہیں۔اسے اپنی کمزوریاں اور چیلنجز بتاتے ہیں

اور اس سے جی بھر کر مدد مانگتے ہیں

اللہ آسمانوں اور زمین کا نور ہے اور وہ ہمیشہ اندھیروں سے نہیں آزماتا کبھی وہ ہمیں زمین کی روشنیوں کی تکرار سے آزماتا ہے تاکہ ہم اس سب کے درمیاں اس کے نور کو پہچان سکیں

جو معاف کرنے سے ، معافی مانگنے سےمخلوق کی مدد کرنے سے رب سے

 مدد مانگنے سے  کسی کو تسلی و تشفی کے دو بول عنایت کردینے میں کہیں جگمگاتا ہوا ہم میں اور ہمارے اردگرد روشنی بھر دیتا ہے

یہ ان پھولوں اور اس روشنی کا رعب تھا

یا بس اپنی غلطی مان لینے سے کئی بوجھ اتر جانے کی کیفیت کا سرور تھا

میں دائیں بائیں سر کو گھماتی ، خوشی سے گول گول گھوم کر گھر آئی ہوں

دل گوشت کا لوتھڑا ہے  اور اس کی روح کے خمیر میں رب کی جانب سے نرمی بھر دی گئی ہے

اسے کسی بھی عمر خیر کی جانب ڈھال دو تو یہ ڈھل جاتا ہے

اپنی تربیت سا خوبصورت اور حسین اور کچھ نہیں ہوتا 

اپنے اندر کے بگڑے بچے کو پہچان لینا

پھر اسے بنا ڈانٹ یا تکلیف دئیے

سیدھے  سچے  سلجھے رستوں پر

اس کی انگلی تھام کر چلنا

یہ جوانی کی خاص عبادتوں میں سے ایک خاص ترین عبادت ہے 

پڑھنے والی آنکھ مسکرائ




Post a Comment

1 Comments

Please do not enter any spam words or link in the comment box.