ADILMALKOTV
یہ مغرب کا وقت تھا میرے سامنے ایک ٹوٹی ہوئی دیوار تھی جس کے آگے بیری کا درخت تھا
اس کے سامنے ایک دروازہ جس نے بوگن ویلیا کے پھولوں سے بھری بیل اوڑھ رکھی تھی
ان پھولوں کے درمیاں گلی کو روشن کرنے کے لیے ایک بلب موجود تھا
میں دایاں پاؤں ہلکا سا اٹھا کر ذرا دائیں طرف ہوتی تو وہ سفید اُجلی روشنی پھولوں سے کھیلنے لگتی میں بائیں پاؤں کی انگلیوں پر بوجھ دیے ذرا بائیں
طرف کو سر کو خم دیتی تو وہ روشنی
پھر سے جھلمل کرتی پھولوں سے ہوکر گزرتی
جیسے کچھ جادوئی سا ہو وہاں
یہ ایک بے انتہاء حسین اور روشن منظر تھااس کی صحبت میں کیا کیا نہ تھا
مغرب کی اذان کا باقی رہ جانے والا اثر سوندہی مٹی کی خوشبو گھر کو جاتے پرندوں کے شکرگزاری بھرے نعرے گلیوں کو سکون اور سکوت سے ڈھانپنے والے پہر کا سحر بھی شامل تھا
مگر پڑھنے والی آنکھ کیا میں تمہیں بتاؤں کہ میں ایک سادہ سے لمحے میں یوں رومانوی کیوں ہورہی تھی اور اس قدر مکمل روشن اور رنگین منظر سے زیادہ میرے دل کو کس احساس نے سچی خوشی دی
آج میں نے شعوری طور پر خود اپنی تربیت کی اس عمر میں اپنی ہی ایک غلطی مان لی تھی
میں زندگی میں بہت بار اپنی غلطیوں کو پہچانتی آئی ہوں مگر اس بار میں نے سلیقے سے خود کو معاف بھی کیا معافی مانگی بھی پریکٹیکل شرمندگی کے ساتھ
کہ میں خالق سے توبہ اور اس کی مخلوق سے معذرت کے بعد ایک سیکنڈ کی دیر لگائے
بغیر خوبصورت عمل کی جانب بڑھ گئی
میرے قلب کو کمفرٹ زون میں دھڑکتے رہنے کی بجائے فوراً سے اپنے عمل کو بہتر بنانے کی جلدی تھی اور آج وہ زندگی سے فروزاں ہوکر دھڑک رہا تھا
یوں ہی ہوتا ہے
جوانی میں آپ کو بہت کچھ پرکشش لگتا ہے حیران کرتا ہے
تو اس سے بھی زیادہ سنہری ہے اپنی غلطی کو پہچان لینا اور پھر رنج کی کیفیت میں بیٹھ بیٹھ کر خود کو تسلی دینے کی بجائے اٹھ کر اپنے عمل کی ذمہ داری قبول کرنا اور زبانی اور عملی معذرت کرنا
جیسے خوشبو والی موم بتی
اس سے زیادہ آپ کے اردگرد کو مہکا دیتی ہے اخلاق کی بلندی جب آپ انسانوں کو رب کی امانت کے طور پر دیکھ کر ان سے اچھے سے ملتے ہیں سلام کرتے ہیں ان سے میٹھا بول
اور درگزر قائم رکھتے ہوئے تعلق نبھاتے ہیں
جیسے شہرت کی چمک
دکھائی دیے جانے کا سروراس سے زیادہ سکون ہے بنا کسی داد کے محتاج ہوئے
چھوٹے سے چھوٹا کام بھی احسن انداز میں کرنا
سادہ سی روزمرہ کی روٹین میں بھی لگن سے محنتیں انڈیلنا یعنی برتن بھی ایسے دھو لینا جیسے آپ کسی اعلی کمپنی ہے سی ای او کے طور پر کوئی شاندار پریزینٹیشن دے رہے ہیں
جیسے خوبرو تحائف
مادی چیزوں کی محبت اس سے زیادہ محبت پنپتی ہے اس لمحے میں جب کوئی انسان آپ کے سامنے اپنا دل کھول کر رکھے اور آپ اسے آزمائیں نہیں تسلی دیں اسے سن لیں اس کے دکھ کو بنا کسی ججمنٹ کے جذب کریں اور پھر اسے عمدہ رہنمائی دے سکیں
جیسے تازہ مہندی کی ٹھنڈی
خوشبو
رنگ اور خوشبو کا میل جول اس سے زیادہ خوبصورت ہے اپنے ہاتھ کی محنت ہتھیلی کو ہالہ بنا کر مانگے جانے والی دعا انگلیوں کے پوروں پر پڑھا جانے والا ذکر جس سے دلوں کو اطمینان ملتا ہے
جیسے لوگوں کا ہجوم
شور اور شوق کا رش اس سے زیادہ سکون بھری باتیں ہیں اس تنہائی کے گوشے میں جہاں آپ ٹھہر کر اپنے رب سے ہم کلام ہوتے ہیں۔اسے اپنی کمزوریاں اور چیلنجز بتاتے ہیں
اور اس سے جی بھر کر مدد مانگتے ہیں
اللہ آسمانوں اور زمین کا نور ہے اور وہ ہمیشہ اندھیروں سے نہیں آزماتا کبھی وہ ہمیں زمین کی روشنیوں کی تکرار سے آزماتا ہے تاکہ ہم اس سب کے درمیاں اس کے نور کو پہچان سکیں
جو معاف کرنے سے ، معافی مانگنے سےمخلوق کی مدد کرنے سے رب سے
مدد مانگنے سے کسی کو تسلی و تشفی کے دو بول عنایت کردینے میں کہیں جگمگاتا ہوا ہم میں اور ہمارے اردگرد روشنی بھر دیتا ہے
یہ ان پھولوں اور اس روشنی کا رعب تھا
یا بس اپنی غلطی مان لینے سے کئی بوجھ اتر جانے کی کیفیت کا سرور تھا
میں دائیں بائیں سر کو گھماتی ، خوشی سے گول گول گھوم کر گھر آئی ہوں
دل گوشت کا لوتھڑا ہے اور اس کی روح کے خمیر میں رب کی جانب سے نرمی بھر دی گئی ہے
اسے کسی بھی عمر خیر کی جانب ڈھال دو تو یہ ڈھل جاتا ہے
اپنی تربیت سا خوبصورت اور
حسین اور کچھ نہیں ہوتا
اپنے اندر کے بگڑے بچے کو
پہچان لینا
پھر اسے بنا ڈانٹ یا تکلیف
دئیے
سیدھے سچے سلجھے رستوں
پر
اس کی انگلی تھام کر چلنا
یہ جوانی کی خاص عبادتوں
میں سے ایک خاص ترین عبادت ہے
پڑھنے والی آنکھ مسکرائ


1 Comments
Nice
ReplyDeletePlease do not enter any spam words or link in the comment box.